قرآن مجید ایک مبسوط اور مربوط آئین الٰہی ہے، اس پر عمل وقت کی ضرورت ہے، پیرزادہ سید شمس الدین


24/09/2021

رپورٹ: زمان اخونزادہ ، جہانگیر کاندے سے)
جانشین پیر طریقت سید شمس الدین موسوی نے کہا ہے کہ قرآن مجید بنی نوع انسان کی فلاح کا ایک مبسوط اور مربوط آئین ہے اس پر عمل کرکے مسلمان دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی سمیٹ سکتے ہیں۔ خانقاہ معلیٰ صوفیہ امامیہ نوربخشیہ شگر میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن مجید تمام آسمانی کتابوں میں لفظی و معنوی دونوں اعتبار سے ممتاز اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے اس کتاب مقدس کی فضیلت اور عظمت پر انتہائی مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رضائے الٰہی کے حصول کیلئے سب سے بہترین طریقہ قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس آئین الٰہی کو سمجھ کر پڑھنے اور پھر اس پر عمل کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ واضح رہے کہ پانچ روزہ مجالس بسلسلہ چہلم امام حسین علیہ السلام پڑھانے شگر کے دورے پر ہیں وہ روزانہ دن ڈیڑھ بجے خانقاہ معلی میں مجالس سے خطاب کرینگے۔
دریں اثنا سید منور خپلوی نے خانقاہ معلی صوفیہ امامیہ نوربخشیہ کاندے میں جمعہ کا خطبہ فرمایا اور حضرت زینب سلام اللہ علیہما کی مجلس سے خطاب بھی کیا۔ علاوہ ازیں کاندے میں عوام نے جامعہ آل رسول صوفیہ امامیہ نوربخشیہ خپلو کے لئے دل کھول کر اجناس، نقدی اور دیگر صدقات ان کے پاس جمع کرائے۔


دیگر تحریریں