ارکان کی ادائیگی میں بگاڑ


ارکان کی ادائیگی میں بگاڑ
چنانچہ ارکان میںبگاڑ کی صورت میں آئندہ اس کی قضاء واجب ہے ۔ ایسے شخص کو تمام مناسک حج خود کو بجالانا اور ایام تشریق کے آخر تک منیٰ میں رکنا مستحب ہے تمام واجبات میںبگاڑ پر فدیہ واجب ہے جس کوہم جلد ذکر کرینگے۔ مسنون افعال میںکمی رہ جانے پر فدیہ دینا بھی مسنون ہے ۔ مردوں کیلئے سلا ہوا کپڑا پہننے یا سر کو ڈھانپنے اورخاتون کیلئے چہرہ ڈھانپنے ،خوشبو لگانے ،سرمونڈوانے ،ناخن تراشنے پرایک بکر ی دینا یا چھ مسکین کو کھانا کھلانا کہ ہر مسکین کو نصف صاع ملے یا تین دن کا روزہ واجب ہے ۔ تحلل اول کے بعد ہمبستری پر امیرشخص پرایک اونٹ ا ور متوسط پر ایک گائے اورغریب پر ایک بکری کا فدیہ واجب ہے جس کے پاس کچھ نہ ہو اس پر کوئی واجب نہیں۔ اگر ہمبستری تحلل اول سے قبل واقع ہوجائے تو یہ اس کے حج اور عمرہ دونوں کے باطل کرنے کا باعث ہے (۱؎) چنانچہ حج واجب ہو تو آئندہ قضاء واجب اور اگر مستحب ہو تو قضا بھی مستحب ہے ، حاجی احرام کھولنے تک مناسک کی ادائیگی میں اجتماع سے الگ نہ ہو۔ جماع کے مقدمات مثلاً بوسہ ،چھونے اور دل بہلانے جیسی حرکتوں پر ایک بکری کی قربانی دینی ہوگی ۔

حرام امور بجالانے کی صورت میں فدیہ
اس سے پہلے مذکورہ تمام حرام امور بجالانے پر فدیہ واجب ہے اس کی نوعیت حرام کام اور اس کے کرنیوالے کی مناسبت سے مختلف ہوتی ہے ۔ مثلاً بڑا درخت کاٹنے پر ایک گائے ، چھوٹا درخت کاٹنے پر ایک بکری دینا واجب ہے ۔ تکلیف پہنچانے میں کانٹے اور اس جیسی دوسری چیزوں کے کاٹنے میں کوئی حرج نہیں ۔
خشکی کے شکار پر فدیہ حلال چوپایوں سے دیا جا ئیگا ۔(۲؎) شتر مرغ کے فدیہ میں اونٹ ‘ وحشی گدھے اور وحشی گائے کے فدیہ میں گائے، ہرن کے بدلے بکری ،خرگوش کے بدلے ایک سالہ بکری اور جنگلی چوہے کے بدلے چاہ ماہ کی بکری کا فدیہ دیناہے۔ جو جانور محرم نے شکار میں مار دیا ہو وہ مردار کی طرح حرام ہے ۔

تمام وحشی جانوروں، پرندوں اور انکے بچوں کو مارنے پر اسکی قیمت او ر فدیہ طے کرنے کیلئے دو عادل افراد کے فیصلے کی طرف رجوع کیا جائے گا ۔ ایذارسان درندے کے قتل میں کوئی فدیہ لازم نہیںمثلاً بھیڑیا، نہ ہی ضرر پہنچانے والے کیڑوں کو مارنے پر کوئی فدیہ ہے مثلاً سانپ ،بچھو،کو ا ،چیل ،پسو ،مچھراور بھڑ بشرطیکہ ان کے ڈنگ مارنے کا خوف ہو۔
جوں مارنے کی صور ت میں ایک مٹھی بھر کھانا فدیہ لازم ہے کیونکہ جوں کو مارنے میں مشغول رہناخصوصاً بابرکت اوقات میں برا فعل ہے، ٹڈی اور چیچڑے کو مارنے پر مٹھی بھر کھانا یا ایک کھجور دینا لاز م ہے، لومڑی اورگیدڑکو اگر وہ گوشت کھائے جانیوالے جانوروں میں شمار کرے تو ایک بکری یا ایک سالہ بچہ لازم ہے اور اگر انہیں مضر درندہ سمجھتا ہو تو ان پر کوئی فدیہ نہیں ہے۔ احرام باندھنے والےکیلئے جائز نہیں کہ وحشی جانوروں سے چھیڑ چھاڑ کرے اگرچہ یہ مانوس ہی کیوںنہ ہو ۔اونٹ ،گائے، چوپائے، مرغی بطخ اور دیگر پالتو جانوروں کو ذبح کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے‘ اگر چہ یہ وحشی ہی کیوں نہ بن گئے ہوں۔

عمرہ ادا کرنیوالے اور حج افراد بجالانیوالے پر اگر قربانی یا فدیہ واجب ہو جائے تو حج قِران کرنیوالے کے لیے اس فد یہ کا دگنا دینا لازم ہے ایک حج کیلئے اور ایک اس کے عمرے کیلئے۔ اگر دو محرم (احرام باندھنے والے)ایک ہی شکارکومارلے تو ان دونوں میں سے ہرایک پر ایک مکمل فدیہ دینا ضرور ی ہے، احرام کے دوران شکار کا بیچنا اورخریدنا دونوں باطل ہیں ۔حج تمتع بجا لانے والے حج قران ادا کرنے والے اور نفلی حج اداکرنے والے حاجیوں کے لیے قربانی کے جانور کو منیٰ میں ہی ذبح کرنا یا نحر کرنا لازم ہے اور صرف عمرہ ادا کرنے والے مروہ یا مکہ میں قربانی دے سکتے ہیں ۔