گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کا جامعہ باب العلم کیلئے لنک روڈ منصوبے کا اعلان


06/06/2019

گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے جامعہ باب العلوم صوفیہ امامیہ نوربخشیہ سکردو کا دورہ کیا اور وہاں موجود نوربخشی عمائدین اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
جامعہ باب العلم پہنچنے پر گورنر گلگت بلتستان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر میر واعظ سرمیک علامہ سید محمد الموسوی، سید امیر حمزہ، تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنما سید شمس الدین تھگسوی، پرنسپل جامعہ باب العلم مولانا علی حسن مچلوی اور انجمن فلاح و بہبود صوفیہ امامیہ نوربخشیہ سکردو اور نوربخشیہ یوتھ موومنٹ کے اراکین نے گورنر کا استقبال کیا۔


بعد ازاں گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے اپنے اعزاز میں دی جانیوالی ٹی پارٹی کی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوربخشی کمیونٹی ایک پرامن کمیونٹی ہے۔ ان سے میرا تعلق دلی و ملی ہے سیاسی نہیں اور رشتہ پہلے سے ہی مضبوط ہے اور مضبوط ہی رہے گا۔ اس موقع پر گورنر نے جامعہ تک لنک روڈ کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کیلئے فوری طور پر فنڈ بھی منظور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گورنر نے اس سے قبل بھی جامعہ کیلئے آٹھ لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید شمس الدین نے گورنر گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ میر واعظ سرمیک علامہ سید محمد الموسوی کے دعائیہ کلمات کے ساتھ تقریب اختتام کو پہنچی۔


دیگر تحریریں