شرائط نماز


نماز کی چار شرائط ہیں۔
۱… قبلہ کی طرف منہ کرنا۔ یہ صحت نماز کے لئے شرط ہے بشرطیکہ قدرت ہو اگر نہ ہو یا اپنے ساتھیوں سے بچھڑنے کا خوف ہوتو یہ شرط چھوٹ جاتی ہے اور نمازی جس طرف جارہا ہو وہی اس کے لئے قبلہ ہے۔
۲… مسجد (سجدہ گاہ) کا پاک ہونا۔ نماز کی شرائط میں سے ایک مسجدکا طاہرہوناہے یعنی سجدہ گاہ ظاہری اورباطنی ناپاکیوں سے پاک ہو۔ ظاہری ناپاکی سے مراد گندگی وغیرہ اور اندرونی ناپاکی سے مراد غصبی ہونا وغیرہ ہیں۔
۳… مقام پردہ کا چھپانا ۔نماز کی شرائط میں سے ایک مقام پردہ کو چھپانا ہے مقام پردہ اصل میں آگے اور پیچھے والا حصہ ہے۔ مردوں اور کنیزوں کے لئے اتنا حصہ چھپانا کافی ہے۔ ان کے لئے مکمل پردہ گھٹنے سے لے کر ناف تک کے درمیانی حصے کو چھپانا ہے۔ آزاد عورتیں پورے جسم کو چھپائیں سوائے ہاتھ‘ پاؤں اور چہرے کے۔
۴… بدن اور کپڑے کا پاک ہونا۔ نماز کی شرائط صحت میں سے ایک کپڑے اور بدن کا پاک ہونا ہے یعنی کپڑا گندگی سے دور اور غصبی نہ ہو اور بدن حالت حدث میں نہ ہو اور دیگر ناپاکیوں سے دور ہو۔