نمازحاجات


حاجت کی نمازیں
کسی بھی دنیاوی ودینی مقصد کے حصول کے لئے مندرجہ ذیل نیت سے دو رکعت نماز حاجت پڑھی جائے۔
اُصَلِّیْ صَلٰوۃَ الْحَاجَۃِ رَکْعَتَیْنِ قُرْبَۃً اِلَی اللّٰہِ۔
یہ نماز تین طریقوں سے پڑھی جاسکتی ہے۔
پہلا طریقہ : ہر ایک رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص بارہ مرتبہ پڑھے۔ بعد از سلام درود شریف دس مرتبہ پڑھ کر سجدۂ شکر میں جاکر اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجت برآری کے لئے دعا کرے۔
دوسرا طریقہ : حدیث رسول ؐ کی روشنی میں جمعرات کو دن کے وقت چار رکعت نماز حاجت دوسلام پر پڑھی جائے۔ پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورہ اخلاص گیارہ مرتبہ‘ دوسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص اکیس مرتبہ‘ تیسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص اکتیس مرتبہ‘ اور چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص اکتالیس مرتبہ پڑھی جائے۔
سلام کے بعدسورۂ اخلاص اکیاون مرتبہ‘ درود شریف اکیاون مرتبہ پڑھی جائے۔ سجدۂ شکر میں جاکر یا اللہ سو مرتبہ پڑھا کریں۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجت طلب کرے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس کی ہرحاجت پوری فرمائے گا۔
تیسرا طریقہ : حضور ؐ کے فرمان کے مطابق اگر کسی کو کوئی ضروری کام درپیش ہو وہ وضو کرکے ایک ایسی جگہ نماز کے لئے کھڑا ہوجائے جہاں اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کی نظر نہ پڑے۔ چار رکعت نماز حاجت ایک سلام کے ساتھ ادا کرے۔ پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص دس مرتبہ ‘ دوسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص بیس مرتبہ‘ تیسری رکعت میں سورۂ اخلاص تیس مرتبہ اور چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص چالیس مرتبہ‘ اور سلام پھیرنے کے بعد پچاس مرتبہ
لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ۔
پڑھیں ۔ انشاء اللہ اس نماز کے ادا کرنے سے نمازی کی ہر حاجت پوری ہوگی۔