روزے کے واجبات کیا ہیں اور حقیقی روزہ کیلئے کیا امور اختیار کئے جائیں؟


روزے کے واجبات :(۱)نیت کرنا (۲) طلوع صبح صادق سے لے کر غروب آفتاب تک مفطرات سے بچے رہنا۔ نیت ان الفاظ میں کی جائے ۔’’میں اللہ کی قربت کیلئے واجب ہونے پر رمضان کے کل کا روزہ رکھونگا/ گی ۔ یا ’’ میں نیت کرتا/ کرتی ہوں کہ میں روزہ …الخ یا دوسرے کسی اور طریقے سے جس میں یہ معانییعنی وجوب ،قربت اور تعین کو واضح کیا گیا ہو بشرطیکہ نیت حاضر روزے کیلئے ہو۔ اگر قضاء روزہ ہو تو یوں نیت کرے۔ ’’میں اللہ کے قرب کیلئے واجب ہونے پر کل ماہ رمضان کا قضاء روزہ رکھونگا/ گی ‘‘نذر کیلئے ’’میں اللہ کے قرب کیلئے واجب ہونے پر کل نذر کا روزہ رکھونگا/ گی‘‘۔
کفارہ کیلئے: ’’میں اللہ کی قربت کیلئے کل عمداً روزہ توڑنے کے کفارے کا روزہ رکھونگا/ گی یا ’’میں اللہ کی قربت کیلئے واجب ہونے پر کل کفارہ ظہار کا روزہ رکھونگا/ گی ۔ اعتکا ف کیلئے :’’میں اللہ کی قربت کیلئے واجب ہونے پر کل ادا کے طور پر معتکف / خلوت نشین / عزلت نشین ہو کر روزہ رکھونگا/ گی ۔ باقی روزوں کیلئے : ’’میں اللہ کی قربت کیلئے کل مسنون یا مستحب یا نفل یا تطوع کے طور پر روزہ رکھونگا/ گی ۔
نیت کا منا سب وقت غروب آفتاب سے طلوع صبح صادق تک ہے اگر بھول جائے تو زوال تک جائز ہے ۔ رمضان المبارک کی پہلی رات کو پور ے مہینے کیلئے نیت کرنا بھی جائز ہےساتھ ہی اگر ہررات کو نیت دہرائی جائے تو بہتر طریقہ ہے۔ رمضان کی آمد کے حوالے سے مشکوک دن کو رمضا ن ہی کی نیت سے روزہ رکھنا جائز نہیں ۔ اگر کسی نے نفل کی نیت سے روزہ رکھا اور بعد میں ظاہر ہوا کہ رمضان کا پہلا دن ہے تو یہی واجب روزہ کے لئے کا فی ہے اور اگر کسی نے اسی رات یا رمضان کی پہلی رات کو (پورے مہینے کیلئے) ایک نیت نہ کی ہو جبکہ وہ روزہ داروں کی صفات پر قائم ہو اور سورج زوال سے بڑ ھ جائے تو مکروہ طور پر غروب آفتاب سے کچھ پہلے تک نیت جائز ہے۔
زبا ن کو غیبت ، جھوٹ ،بہتان ،افتراء سے اور آنکھوں کو نامحرم کو دیکھنے سے باز رکھنا اور دیگر تمام اعضاء کو بُرے کاموں سے بچائے رکھنا واجب ہے کیونکہ یہ افعا ل اعمال کو ضائع کردیتے ہیں اگرچہ ظاہری طور پر فاسد نہ بھی کر دیں ۔