پیرزادہ علامہ سید شمس الدین موسوی


تحریر علامہ سید بشارت حسین تھگسوی


جناب پیرزادہ علامہ سید شمس الدین موسوی صاحب خاندان پیریت کے چشم چراغ اور پیر حاضر حضرت سید محمد شاہ نورانی مدظلہ کے فرزند ہیں۔ آپ کی والدہ ماجدہ مشہور و معروف عالم دین مفتی نوربخشیہ علامہ سید علی شاہ مرحوم گلشن کبیری کی صاحب زادی اور عالمہ و فاضلہ خاتون ہیں ۔

سید شمس الدین کی ولادت بارہ جون 1978ء کو کریس بلتستان ضلع گانچھے میں ہوئی۔ آپ نے دنیاوی تعلیم کی ابتداء ہائی سکول خپلو بالا سے کی ساتھ ہی قرآن مجید ناظرہ اور دعوا ت صوفیہ امامیہ اپنے گھر سے پڑھے۔

آپ نے انٹر میڈیٹ تک کی تعلیم بلتستان ہی میں حاصل کرنے کے بعد مزید دینی اور دنیوی تعلیم کے حصول کے لئے شہرکراچی کا سفر کیا اور یہاں جامعہ اسلامیہ صوفیہ امامیہ ٹرسٹ رجسٹرڈ کراچی میں داخلہ لے کر باقاعدہ دینی تعلیم کا آغاز کیا۔ اس جامعہ میں علامہ شیخ سکندر حسین انیس اور علامہ شیخ محمد محسن اشراقی اور دیگر اساتذہ سے کسب فیض کیا۔ کراچی مدرسے سے صرف و نحو اور فقہ و اصول کے مقدمات کے ساتھ بعض نوربخشی اہم کتابیں فقہ احوط، کتاب الاعتقادیہ ، مودة القربیٰ ،السبعین فی فضائل امیر المومنین ،ا لسائر الحائر و غیرہ پڑھ کر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے حوزہ علمیہ قم المقدسہ ایران چلے گئے۔ یہاں پر تقریباً تیرہ سال کے دوران المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں علوم قرآن و حدیث میں کارشناسی (ایم اے )، علوم حدیث میں کارشناسی ارشد (ایم فل ) اور ادیان و مذاہب میں سطح چہار (مساوی ڈاکٹریٹ ) تک تعلیم حاصل کی ہے۔ دوران تعلیم مختلف موضوعات پر کئی مقالے بھی لکھے اور میر سید علی ہمدانی کی مشہور کتاب مودة القربیٰ کی تخریج کا کام اور شیخ علاء الدولہ سمنانی کی کتاب المناظر المحاظر للمناظر الحاظر کا اردو ترجمہ بھی مکمل کیا۔ آپ ایک نوجوان عالم و فاضل کے ساتھ بہترین خطیب و مقرر بھی ہیں۔ پیر زادہ سید شمس الدین کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی کے علاوہ بلتستان بھر کے مختلف علاقوں میں تبلیغی دورے پر رہتے ہیں اور محرام الحرام اور دیگر اہم مواقع پر مختلف خانقاہوں اور مساجد پر فصیحانہ انداز میں خطابت بھی کرتے ہیں۔ پندرہ شعبان ١٤٤٠ھ کو خانقاہ معلی صوفیہ امامیہ نوربخشیہ خپلو بالا میں جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے پیر صوفیہ امامیہ نوربخشیہ الحاج حضرت سید محمد شاہ نورانی مدظلہ نے جناب سید شمس الدین کی جانشینی اور اپنے بعد مسلک صوفیہ امامیہ نوربخشیہ رہبر و رہنما ہونے کا بھی اعلان کیا ہے۔ موصوف تعلیمی مصروفیات کے ساتھ اپنے تبلیغی دوروں میں اتحادو تحفظ نوربخشیہ کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

علامہ سید شمس الدین کی ایک صاحبزادی حوزہ علمیہ قم المقدسہ ایران میں جب کہ بڑے صاحبزادے جامعہ اسلامیہ صوفیہ امامیہ نوربخشیہ کراچی میں زیر تعلیم ہیں ۔  

 اللہ ان کی توفیقات خیر میں اضافہ کرے۔