حضرت شیخ ابو نجیب سہروردی رح


حضرت شیخ ابو نجیب سہروردی
عبدالقاہر ابن عبداللہ ابن محمد ابن عمویہ المعروف ضیاء الدین ابو نجیب سہروردی کی ولادت ۴۹۰ھ میں ہوئی تا ہم بعض مورخین نے ۴۸۰ ھ بھی لکھا ہے۔ آپ کا خاندان علمی اور تصوف و عرفانی خاندان تھا۔ ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد مدرسہ نظامیہ بغداد میں اسعد میہنی سے فقہ اور ابی علی محمد ابن سعید ابن نبہان سے حدیث کی تعلیم حاصل کی۔ ۵۴۵ھ سے مدرسہ نظامیہ بغداد میں بعنوان استاد درس دینے لگے۔ دو سال تدریس کرنے کے بعد دجلہ کے کنارے ریاضت میں مشغول ہوئے۔ بقول میر سید محمد نوربخش قدس سرہ مکاشفات، مشاہدات اور ذات و صفات کی تجلیات کو پہنچ گئے۔
درس و تدریس کے بعد سلطانِ طریقت شیخ احمد غزالی کے ہاتھوں بیعت کی۔ انہوں نے سب سے پہلا خرقہ اپنے والد گرامی شیخ شہاب الدین عبداللہ سے حاصل کیا اس کے بعد دوسرا خرقہ وجیہ الدین عمر کے ہاتھ سے پہنا۔
آپ کے بارے میں مورخین لکھتے ہیں: بارہ سال مسلسل ریاضت کے آداب بجالائے۔ ہفتے میں صرف ایک دفعہ پانی پیتے اور روزانہ تین کھجوروں پر اکتفاء کرتے تھے۔
آپ کی تعلیمات شریعت و طریقت کی آمیزش ہے اور کبھی بھی اپنی زبان سے تند و تیز شطحیات جاری نہیں کیا۔
آپ کے مندرجہ ذیل علمی آثار موجود ہیں :
۱۔ غریب المصابیح ۲۔ طبقات ۳۔ شرح الاسماء الحسنیٰ ۴۔ آداب المریدین۔