خپلو، صوفیہ امامیہ نوربخشیہ اور صوفیہ نوربخشیہ میں مصالحت، مل کر چلنے پر اتفاق


13/05/2019

خپلو ﴿نمائندہ خصوصی﴾ گزشتہ جمعہ کو خانقاہ معلی صوفیہ امامیہ نوربخشیہ میں ہونیوالے ناخوشگوار واقعہ کے بعد صوفیہ امامیہ نوربخشیہ اور صوفیہ نوربخشیہ کے درمیان مصالحت ہوگئی۔ مصالحت نامہ کے مطابق جان نشین پیر طریقت صوفیہ امامیہ نوربخشیہ علامہ سید شمس الدین پیرزادہ سمیت نوربخشی مسلک کے کسی عالم فاضل کے خطبات و مجالس محرم پر کوئی پابندی نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی کو اعتراض ہوگا۔

معاہدہ نامہ میں کہا گیا ہے کہ اگلے  دو جمعوں کے مواقع پر سید محمد الیاس الموسوی اور مولانا علی محمد بالترتیب خطبات جمعہ  ادا کرینگے۔ فریقین نے فیصلہ ثالثان پر کاربند رہنے پر اتفاق کیا ہے۔ مصالحت کے بعد دونوں جانب سے درج ایف آئی آر پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی اور مجسٹریٹ کو استدعا کی گئی ہے کہ دونوں مقدمات ختم کرنے کی منظوری دی جائے۔ نوربخشی حلقوں میں مصالحت سے معاملات سلجھانے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ بعض سنجیدہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ اس موقع پر ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دیدی جاتی جو دوسرے اختلافی امور کا بہتر حل ڈھونڈنے پر کام کرتی اور تمام تر اختلافات کا خاتمہ کردیا جاتا تو آئندہ کیلئے اس طرح کے واقعات کا ہمیشہ کیلئے سدباب ہو جاتا۔

مصالحت کا متن

فیصلہ ثالثان
مورخہ ۱۰ مئی ۲۰۱۹ جمعۃ المبارک کے موقع پر جو ناخوشگوار واقعہ خانقاہ معلیٰ خپلو بالا میں رونما ہوا۔ اس پر انتہائی رنج و غم محسوس کرنے کے بعد مسلک نوربخشیہ کے سیاسی، دینی مقتدر شخصیات نے خپلو میں جمع ہو کر اتفاق کیا کہ اس معاملے کو سلجھانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ فریقین کے تعاون سے ثالثی کا کردار ادا کیا جائے۔ لہٰذا ڈپٹی کمشنر صاحب ضلع گانچھے کی منظوری سے ثالثان نے فریقین سے کئی بار نشستیں کیں۔ فریقین نے ثالثان کی جو اس تصفیہ نامہ پر دستخط ثبت کر رہے ہیں قبول کیا۔ اور حسب ذیل تصفیہ طے کر دیا ہے۔
۱۔ کچھ عرصے سے عدم اعتماد کا سلسلہ جو حضرت سید علی ہمدانیؒ اور میر سید محمد نوربخشؒ کے پیروکاروں کے درمیان دھڑابندی اور انتشار کا فضا پایا جاتا تھا، جس کو سلجھانے کا آغاز جناب سید محمد الیاس و سید مختار کے بیان حلفی سے ہو گیا تھا۔ جناب سید شمس الدین صاحب پیرزادہ کے اقرار نامہ محررہ ۱۲ مئی ۲۰۱۹ کے ذریعے شک و شبہ کا ازالہ کر دیا ہے۔
۲۔ سید شمس الدین صاحب کے اقرار نامہ کے بعد جناب مولانا رستم علی انجم صاحب نے جو دوسرے فریق کا سربراہ ہے۔ اطمنان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ یقین دہانی فرمایا ہے کہ آئندہ سید حمایت علی صاحب امام و خطیب خانقاہ معلیٰ خپلو بالا کی عدم موجودگی میں خصوصاً علالت کی صورت میں خانقاہ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں جس کی توثیق جناب ڈپٹی کمشنر گانچھے نے مورخہ ۱۶ نومبر ۲۰۱۸ کو ضابطہ اخلاق کی صورت میں مرتب کیا ہوا ہے سے اتفاق کیا ہے۔ لہٰذا جناب سید شمس الدین صاحب خپلو تشریف لانے کے موقع پر خانقاہ معلیٰ میں خطبہ جمعہ و مجالس محرم ادا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
۳۔ یہ کہ آئیندہ جمعہ کے خطبے کے فرائض جناب سید محمد الیاس صاحب انجام دینگے اور اس سے اگلے جمعہ کی خطبہ جناب مولانا علی محمد صاحب ڈنس دینگے۔
۴۔ یہ کہ تیسرا جمعہ اور اس کے بعد مناسب مواقع پر خطبہ جمعہ ادا کرنے کے لئے جناب سید شمس الدین پیرزادہ صاحب کو موقع فراہم کرنے پر کسی کو اعتراض کرنے کا کوئی حق حاصل نہ ہوگا۔
۵۔ اسی طرح آئندہ خپلو بالا کے کسی بھی فاضل عالم دین جو خطبہ جمعہ اور مجالس محرم الحرام پڑھانے کا موقع فراہم کرنے میں کوئی امر مانع نہیں ہوگا۔
۶۔ ہر گروہ کے سربراہان نے ثالثان کے فیصلے پر عمل پیرا رہنے کا اتفاق کیا ہے۔
۷۔ ثالثان جناب ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ صاحب ضلع گانچے اور جناب سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع گانچھے سے استدعا کرتے ہیں کہ فریقین کے خلاف تھانہ خپلو میں درج کئے ہوئے مقدمات ختم کرنے کی منظوری صادر فرمائی جائے۔ نیز فریقین کی درخواستوں پر مزید کوئی قانونی کاروائی نہ کی جائے۔


دیگر تحریریں