علامہ الحاج سید شمس الدین میرے قائم مقام ہونگے،پیر طریقت سید محمد شاہ نورانی


28/04/2019

علامہ الحاج سید شمس الدین میرے قائم مقام ہونگے،پیر طریقت سید محمد شاہ نورانی

خپلو نمائندہ خصوصی، پیر طریقت سید محمد شاہ نورانی نے فرمایا ہے کہ علامہ الحاج سید شمس الدین پیر زادہ بعد میں ان کے قائم مقام ہونگے ۔ یہ اعلان انہوں نے آج خانقاہ معلی صوفیہ امامیہ نوربخشیہ خپلو میں امام زمانہ حضرت امام محمد مہدی علیہ السلام اور حضر ت شاہ سید محمد نوربخش رحمہ اللہ علیہ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

Syed Shamsuddin

جلسے کا اہتمام انجمن صوفیہ امامیہ نوربخشیہ خپلو اور نوربخشیہ یوتھ موومنٹ پاکستان نے کیا تھا۔ انہوں نے فرمایا کہ خلافت کی تنصیب اللہ تعالیٰ کی ذمہ داری ہے اللہ تعالیٰ نے انبیا کے دور میں بھی خلافت کی تنصیب کا کام خود کیا۔انہوں نے فرمایا کہ تنصیب خلافت من جانب اللہ کا مقصد یہ ہے کہ جس دین کو اللہ تعالیٰ نے نازل فرمایا ہے کہ اس کی حفاظت کی جائے اور خوف کو امن میں تبدیل کیا جائے۔

اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جائے اور شرک نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ امام محمد مہدی علیہ السلام کا ظہور بھی آیت الہی کی تفسیر ہوگا۔ امام محمد مہدی علیہ السلام روئے زمین کو عدل و انصاف سے بھردے گا جس طرح یہ ظلم و ستم سے بھرچکی ہوگی۔ عید کی محفل میں سکردو، شگر، ڈغونی، بلغار، کھرکوہ، سلینگ، مچلو تا ہوشے، غوری، ہلدی تا سلترو، سرمو، چھوربٹ اور خپلو سمیت بلتستان بھر سے ہزارں لوگوں نے علماء کرام کی سرپرستی میں شرکت کی۔ علماء کرام نے اپنی تقاریر میں حضرت امام محمد مہدی علیہ السلام اور حضرت شاہ سید محمد نوربخش رحمہ اللہ علیہ کی حیات ہائے مبارکہ پر روشنی ڈالی۔ قبل ازیں پیر طریقت سید محمد شاہ نورانی کو ریلی کی شکل میں ڈغونی پل سے جلسہ گاہ لایا گیا اور استقبالی ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں تھیں۔ ریلی کے شرکا نے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے اور پولیس کی بھاری  نفری سکیورٹی کیلئے تعینات کی گئی تھی۔


دیگر تحریریں