وبائی امراض سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا واجب ہے۔ سید محمد شاہ نورانی


30/03/2020

جان لیوا مرض کا سامنا ہو تو ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل ضروری ہے : پیر طریقت صوفیہ امامیہ نوربخشیہ
پیر صوفیہ امامیہ نوربخشیہ حضرت الحاج سید محمد شاہ نورانی نے کہا ہے کہ اگر حکومت کورونا سمیت کسی بھی مہلک یا موذی وبا کے خاتمے کیلئے احتیاطی طور پر مذہبی اجتماعات پر پابندی لگائے تو اس پر عمل کرنا ضروری ہے ۔
شاہ قاسم فیض بخش صوفیہ امامیہ نوربخشیہ ٹرسٹ علی پور اسلام اآباد کے جنرل سیکریٹری اعجاز حسین سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے پیرنوربخشیہ نے کہا کہ جب بھی انسان یا معاشرے کو مہلک اور جان لیوا مرض کا سامنا ہو تو ڈاکٹروں اور حکومتوں کے فیصلے پر عمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک بھی انسان کو اپنے ہاتھوں سے اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالنے سے منع فرماتا ہے اور شاہ سید محمد نوربخش رح کا بھی فرمان ہے کہ موذی اور سرایت کرنے والی بیماری سے بچنا واجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرحکومت کی طرف سے کوئی حکم نامہ موجود نہیں ہے تو پھر بھی احتیاط کا ایسا طریقہ اختیار کرنا چاہئے کہ عبادات بھی جاری ہیں اور بیماری بھی نہ پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ جماعات دونوں فرض کفایہ ہیں۔ کچھ افراد کی جانب سے ادائیگی پر دیگر محلے والوں کی طرف سے بھی ادائیگی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں محلے کے چند افراد جمعہ و جماعات قائم رکھیں اور دیگر افراد اپنے اپنے گھروں میں عبادات ادا کریں۔ حضرت سید محمد شاہ نورانی نے اپنے پیروکاروں کو ہدایت دی کہ موجودہ صورتحال میں احتیاطی تدبیر کے طور پر وبا کے مکمل خاتمے تک اپنے گھروں میں رہا جائے اور صرف چند افراد جمعہ و جماعات کے قیام کی ذمہ داری نبھائے تاکہ فرض کفایہ ادا ہوسکے تاہم یہ افراد بھی احتیاطی تدابیرپر عمل کرنے کو یقینی بنائے۔


دیگر تحریریں