نوربخشی بزرگان کا ائمہ معصومین علیہم السلام کی امامت پر عقیدہ ہونے کی کوئی دلیل ہے ؟


بزرگان نوربخشیہ کی بہت ساری کتابوں میں ائمہ معصومین علیہم السلام کی امامت اور ولایت کے حوالے سے دلائل موجود ہیں ۔ یہاں پر بعنوان مثال صرف اشارہ کرتے ہیں :
پہلی بات : شاہ سید محمد نوربخش رح نے کتاب الاعتقادیہ میں امامت پر اعتقاد رکھنے کو واجب قرار دیا ہے نہ کہ خلافت پر اعتقاد کو ۔ دوسری بات شاہ سید رح اپنی اسی بات کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی کتاب رسالہ معراجیہ میں فرماتے ہیں :
زمشرق تا بہ مغرب گر امام است
علی و آل او ما را تمام است
یعنی اگر مشرق سے لے کر مغرب تک کوئی امام ہیں تو ہمارے لئے صرف علی اور ان کی اولاد ہیں ۔
پس معلوم ہوتا ہے کہ شاہ سید محمد نوربخش کے نزدیک رسولخدا ص کی وفات کے بعد نظریہ امامت صحیح ہے نہ خلافت ۔
دوسری بات : امیر کبیر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب مودۃ القربیٰ میں بہت ساری احادیث ائمہ معصومین علیہم السلام کی امامت کی اثبات میں نقل کیا ہے جیسے کہ آپ اس حدیث کو نقل کرتے ہیں :
وَ عَنْ عَبَابَہِ ابْنِ رَبِیْعِیِّ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ اَنَا سَیِّدُ النَّبِیِّنَ وَعَلِیٌّ سَیِّدُالْوَصِیِّیْنَ وَ اِنَّ الْاَوْصِیَائَ بَعْدِیْ اِثْنَا عَشَرَ اَوَّلُھُمْ عَلِیٌّ وَآخِرُھُمْ قَائِمُ الْمَھْدِیِّ۔
ترجمہ:۔ اور عبابہ ابن ربیعی سے روایت ہے کہ رسول خدا ؐ نے فرمایا ہے کہ میں نبیوں کا سردار ہوں اور علی ؑ تمام وصیوں کے سردار ہیں اور میرے بعد بارہ اوصیاء ہوں گے جن کے اول علی ؑ اور آخر قائم آل محمد‘ محمد مہدی علیہ السلام ہیں۔
دوسری جگہ ایک اور حدیث نقل کرتے ہیں جس میں بھی واضح الفاظ میں فرمایا کہ میرے بعد میرا خلیفہ حضرت علی علیہ السلام ہیں :
وَعَنْہُ عَلَیْہِ السَّلَامُ قَالَ قَالَ لِیْ رَسُوْلُ اﷲِ یَا عَلِیُّ اَنْتَ تَبْرَئُ ذِمَّتِیْ وَاَنْتَ خَلِیْفَتِیْ عَلیٰ اُمَّتِیْ۔
ترجمہ: اور آپ علیہ السلام ہی سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے مجھ سے ارشاد فرمایا اے علی ؑ تم مجھے میری ذمہ داری سے آزاد کرو گے اور میری امت پر خلیفہ ہونگے۔[مودۃ القربی، مودت ۳، حدیث ۱۰]
ان دلائل کے بعد یہ سوال کرناحق بجانب ہے کہ کیا نوربخشی بزرگان کی کسی بھی کتاب میں کوئی حدیث یا روایت یا کسی بزرگ کا فرمان ہے کہ رسول خدا ص کے بعد حضرت ابوبکر ، عمر اور عثمان کو خلیفہ ماننے کا حکم دیا ہو یا انہیں خلیفہ مان لیا ہو ؟
لہذا ثابت ہوتا ہے کہ نوربخشی بزرگان کا نظریہ امامت ہے اور تمام بزرگان حضرت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے لے کر حضرت امام محمد مہدی علیہ السلام تک اپنے امام اور پیشوا مانتے ہیں۔