نماز استسقاء


نماز استسقاء
جب بارش نہ ہونے سے قحط کا سا منا ہواور لوگوں کیلئے فائدہ مند چشموں میں پانی کم ہوجائے اور زمین ویران ہو جائے تو نماز استسقاء سنت ہے۔ پس امام یا اس کے نائب کو چاہیے کہ مسلمانوں کو توبہ کرنے اور ظلم سے لی ہوئی چیزیں واپس کرنے، بعض کو بعض سے معافی تلافی کرنے، صدقہ و خیرات دینے، تین دن روزہ رکھنے اور تیسرے یا چوتھے دن صحراء کی طرف روزے کی حالت میں خشوع و خضوع کے ساتھپھٹے پرانے کپڑے پہن کر ننگے پیر نکلنے کا حکم دےبشرطیکہ راستہ پاک ہو بچوں کو اپنی ماؤں سے علیحدہ کر کے، جانوروں کو ان کے بچوں سے دور کر کے قبلہ کی طرف منہ کر ے اور امام بلند آواز میں سو مرتبہ اللہ اکبرپڑھے دیگر تمام مسلمان ان کی موافقت کرے اسی طر ح دائیں جانب منہ کرکے سو بار سبحان اللہ پڑھے بائیں جانب منہ کرکے سو بار لاالہ الا اللہ پڑھے اور لوگوں کی طرف منہ کر کے ایسے ہی الحمدللہ پڑھے۔ پھر تکبیرات وغیرہ میں نماز عید کی طرح دورکعت باجماعت نماز ادا کرے سوائے وقت کے کیونکہ یہ نماز اوقات مکروہہ کے علاوہ کسی بھی مناسب وقت میں جائز ہے۔ امام عید کی طرح دو خطبے دے مگر تکبیر کی جگہ پہلے خطبے سے پہلے نو مرتبہ اور دوسرے خطبے سے پہلے سات مرتبہ استغفار کرائے۔ دوسرے خطبے کے وقت قبلہ رخ ہو جائے اور اپنی چادر تحویل کرے یعنی جو سرادائیں کندھے پر ہو اس کو بائیں پر رکھے دیگر چادر پہننے والے اس عمل کی موافقت کرے اورپہلے خطبہ کے آخر دعا کرے۔ دعا یہ ہے۔
پروردگار! ہمیں ایسی با رش برسا دے جو سیراب کر نیوالی ، خوشگوار ، سازگار ،گھاس پیداکرنے ،بہنے ، سبزہ بڑھانے اور نباتات پیدا کرنیوالی اور ہمیشہ فائدہ مند ہو۔ اے اللہ ! ہمیں بارش سے سیراب فرما اور مایوس لوگوں میں شامل نہ فرما۔ اے اللہ!بیشک تیرے بندے اور شہر تنگی اور سختی میں ہیں اور ہم صرف تجھ سے ہی شاکی ہیں۔اے اللہ ہمارے لئے نئی زراعت اگادے ، پستانوںکو بھر دے، ہمیں آسمانی برکات سے سیراب فرما اور زمین کی برکات میںسے پیدا فرما۔ اے اللہ ہم سے تکلیف اور بھوک کو دور کر اور وہ مشکل ہٹا دے جسے تیرے علاوہ کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ اے اللہ ہم تجھ سے مغفرت مانگتے ہیں ، بیشک تو غفار ہے ، ہم پر آسمان سے مسلسل برسنے والی بارش عطا فرما۔
دوسرے خطبے کے آخر میں یوں دعا کرے :
اے اللہ! تو نے ہمیں دعا مانگنے کا حکم دیا اور تو نے ہی قبولیت کا وعدہ بھی فرمایا ہے پس تیرے حکم کے مطابق ہم نے دعا ما نگ لی اور اب تو ہم سے کئے وعدے کے مطابق قبول فرما۔ اے اللہ ! ہمارے گناہوں کی مغفرت ، بارش کیلئے دعائوں کو قبول اور رزق میں وسعت عطا کرکے ہم پر احسان فرما۔
اور خوب گڑ گڑا ئے اور خشوع سے روئے اور بلند آواز اور خفیہ دعا کرنے میں خوب مبا لغہ کرے دعاؤںمیں جو چاہے مزیداضافہ کرے اور اگر قبولیت میںتاخیر ہو تو یہ عمل دوسری اور تیسری بار پے در پے اورمتفرق صورتوں میں دہرائے۔