بلتستان: سانحہ بابو سر کٹی داس، خبر غم و اظہار تعزیت


23/09/2019

خبر غم و اظہار تعزیت
سکردو (خصوصی رپورٹ) سکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کو بابوسر کٹی داس کے مقام پر حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجےمیں 26 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ افسوسناک حادثہ صبح پونے آٹھ بجے کے قریب پیش آیا، مسافر بس کٹی داس کے مقام پر چٹان سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے 26 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 8 بچے بھی شامل ہیں۔ نجی کمپنی مشہ بروم کی بس بابوسر کے راستے سکردو سے راولپنڈی جا رہی تھی، بریک فیل ہونے سے یہ حادثہ پیش آیا، زخمیوں اور لاشوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے زریعے گلگت اور سکردو اور زخمیوں کو سی ایم ایچ گلگت منتقل کیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونےو الوں میں ممتاز دینی شخصیت سید شمس الدین تھگس کے جواں سال صاحبزادہ سید زین السادات، مولانا شیخ محمد قاسم اور مولانا شیخ مہدی حسنی سمیت دیگر شامل ہیں۔ بس میں پاک فوج کے 12 جوان سمیت کئی خواتین بھی موجود تھیں۔
جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی جب آبائی علاقوں کو پہنچے تو کہرام مچ گیا۔ جاں بحق 24 افراد کی نماز جنازہ گلگت میں آرمی ہیلی پیڈ پر ادا کی گئی، نماز جنازہ میں گورنر، وزیراعلٰی، فورس کمانڈر سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد بلتستان سے تعلق رکھنے والی میتوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو پہنچایا گیا، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتوں کو انکے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیا گیا۔ حادثے میں پاک فوج کے دس جوان بھی جاں بحق ہوئے تھے، جن کا تعلق اٹک، میانوالی، مردان اور دیگر شہروں سے ہے۔ حادثے میں جاں بحق تمام سویلین و فوجی افراد کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر آبائی گاؤں روانہ کیا گیا۔
سید زین السادات کی نماز جنازہ تھگس میں پیرزادہ علامہ الحاج سید شمس الدین نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں مختلف مکاتب فکر سے وابستہ شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ سید مرحوم کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

نوربخشیہ ڈاٹ کام سانحہ بابوسر میں جاں بحق ہونے والے تمام شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔ ہم ٹیم ممبران خصوصا جواں سال بیٹے سید زین السادات کی شہادت پر جناب سید شمس الدین تھگسوی اور ان کے غمزد خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی بحق پنجتن پاک و چہاردہ معصومین علیہم السلام ٰ تمام مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان اور غمزدگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

 

 

 

 


 

 

اض


دیگر تحریریں