شب معراج کا انعقاد عقیدت واحترام کے ساتھ جاری


22/03/2020

ملک بھرمیں شب معراج النبیﷺ آج عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
واقعہ معراج سرور کائنات، امام الانبیاء،احمد مجتبیٰ محمد بن عبداللہ صلی اللہ وعلیہ وآلہ و سلم کا عظیم معجزہ ہے، جو آپ کو تمام انبیائے کرام اور رسولوں پر عظمت و رفعت عطا کرتا ہے۔

شب معراج ہر سال ستائیس رجب المرجب کو حضور اکرم ﷺ کے ﷲ رب العزت سے ملاقات کیلئے خصوصی سفر پر جانے کی مناسبت سے منائی جاتی ہے، رب العالمین نے آحضرت صلی اللہ وعلیہ وآلہ و سلم کو عظمت ورفعت کی وہ معراج نصیب فرمائی جو روز ازل سے آپ کا ہی مقدر تھی، کائنات کے سربستہ رازوں، اسرار کا مشاہدہ کرانے اور بنی نوع انسان پر یہ امر واضح کرنے کیلئے کہ جہاں تک اللہ رب العزت کی رطوبیت ہے وہاں تک محمد عربی کی نبوت ہے۔اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنی قدرت کاملہ سے رات کے وقت مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک سیر کرائی، امام الانبیاء کا تاج پہنایا اور پھر عالم بالا کی سیر کا شرف بخشا، آپ براق پرسوارہو کر پہلے مسجد حرام سے مسجد اقصی پہنچے جہاں تمام انبیاء اور ملائکہ نے استقبال کیا اور آپ کی امامت میں نمازاداکی، جس کے بعد آپ جبرائیل امین کی معیت میں زمین سے آسمان کی طرف سیر کو روانہ ہوئے، اسی موقع پراللہ تعالی نے آپ کی امت پر پانچ وقت نماز کی فرضیت کا حکم دیا۔

مسلمانوں کے لئے واقعہ معراج میں یہ سبق پوشیدہ ہے کہ انسان کے عزم وہمت کی آخری منرل عرش بریں ہے، شب معراج کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد اوراہم عمارتوں پر چراغاں کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ اس بابرکت رات میں خصوصی محافل اور اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں، جن میں علمائے اکرام اور مقررین واقعہ معراج شریف پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہیں۔

ان محافل میں ملک عزیز سمیت دنیا بھر میں کورونا نامی وبا کے بچاو اور رب العالمین کی جانب سے خصوصی کرم کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے

واقعہ معراج : مختصرترین وقت کا طویل ترین سفر

معراج مصطفے صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اعتقاد کی تفصیل

معراج مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اعتقاد


دیگر تحریریں